کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ حکومت نے گل پلازہ آتشزدگی کے ہولناک سانحے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو باضابطہ خط لکھا جائے گا۔ یہ اعلان سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ جوڈیشل کمیشن کسی سیاسی دباؤ یا ایم کیو ایم پاکستان کی مطالبے پر نہیں بنایا جا رہا بلکہ ضابطوں، شواہد اور حقائق کی بنیاد پر سچ سامنے لانے کے لیے قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اپنی جگہ ہو سکتی ہے، مگر قانون اور اصولوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو الٹی میٹم دینے یا استعفوں کا مطالبہ غیر ضروری ہے، تمام شواہد اور معلومات عدالت یا متعلقہ تحقیقاتی اداروں کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ جوڈیشل کمیشن کا طریقہ کار، دائرہ اختیار اور وقت کا تعین متعلقہ جج یا کمیشن خود کرے گا۔
واضح رہے کہ گل پلازہ سانحے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر اطلاعات اور میئر کراچی سے استعفوں کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم صوبائی حکومت نے اپنے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت تحقیقات آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔
یہ فیصلہ گل پلازہ آتشزدگی میں تقریباً 80 افراد کی ہلاکت کے بعد شدید عوامی اور سیاسی دباؤ کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر ہیں۔


