نیپا وائرس کے پھیلاؤ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انعقاد پر خدشات

بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)نیپا وائرس کے پھیلاؤ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے انعقاد پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے آغاز سے چند ہفتے قبل سامنے آنے والی اس صورتحال نے کھیلوں کے حلقوں اور شائقین میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں نیپا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جہاں دو نرسز اور ایک ڈاکٹر سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد اس خطرناک وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔ متاثرہ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ محکمہ صحت نے احتیاطی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

نیپا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث بین الاقوامی سطح پر بھی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ اگر صورتحال قابو میں نہ آئی تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کے انعقاد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور وائرس کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کھیلوں اور صحت کے ماہرین کے مطابق آئندہ چند ہفتے نہایت اہم ہیں، جن میں صورتحال بہتر یا مزید سنگین ہونے کا امکان موجود ہے۔ شائقین کرکٹ بھی اس حوالے سے بے چینی کا شکار ہیں اور عالمی کرکٹ تنظیموں کی جانب سے آئندہ لائحہ عمل کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں