ببر لو بائی پاس پر وکلاء کے پرامن دھرنے پر فائرنگ پورے سندھ کے وجود، وقار اور وسائل پر حملہ ہے، زین شاہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور سندھ بچاؤ تحریک کے کنوینر سید زین شاہ نے ببر لو بائی پاس پر وکلاء کے پرامن دھرنے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی بدترین دہشت گردی اور پرامن جدوجہد کو بد نیتی سے سبوتاژ کرنے کی منظم سازش قرار دیا ہے۔ اپنے جاری بیان میں سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ حملہ پورے سندھ کے وجود، وقار اور وسائل پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل پر قابض عناصر کی یہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔ ہم اس بزدلانہ حملے کو سندھ کے پانی پر قبضے کی مکروہ سازش کا حصہ سمجھتے ہیں، اور سندھ کے عوام کو اپنے حق کے لیے متحد ہو کر میدان میں آنا ہوگا۔ ہم ریاستی جبر، ظلم اور استبداد کے خلاف اپنی جدوجہد کو مزید شدت سے جاری رکھیں گے۔ سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ اس حملے میں ملوث افراد اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ دریں اثنا، سید زین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل، 21 اپریل کو دوپہر 3 بجے ببر لو بائی پاس پر دریائے سندھ بچاؤ تحریک کے رہنماؤں اور آبادگاروں کے ہمراہ وکلاء کے دھرنے میں اظہارِ یکجہتی کے لیے شریک ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں