مشرق وسطیٰ کشیدگی: خام تیل کی قیمت 100 ڈالر کے قریب، عالمی اسٹاک مارکیٹس میں مندی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران تنازع میں غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی مالیاتی منڈیاں شدید دباؤ کا شکار ہو گئیں۔گذشتہ روز تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی حد کے قریب پہنچ گئی۔

برینٹ کروڈ 4.30 ڈالر (4.5 فیصد) اضافے کے ساتھ 99.78 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 4.75 ڈالر (5.3 فیصد) اضافے کے بعد 94.36 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ماہرین کے مطابق یہ اضافہ حالیہ ہفتوں میں ایک دن کے دوران ہونے والے سب سے بڑے اضافوں میں سے ایک ہے، جو خطے میں کشیدگی اور ممکنہ سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کی وجہ سے سامنے آیا ہے۔عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی گئی، جبکہ سرمایہ کاروں نے غیر یقینی صورتحال کے باعث محتاط رویہ اختیار کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں