کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی کی سیکریٹری اطلاعات و ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم دراصل وفاقی اکائیوں کو کمزور کرنے اور صوبائی خودمختاری ختم کرنے کی کھلی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم کے ذریعے اختیارات مرکز میں سمیٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو نہ صرف آئین کے بنیادی ڈھانچے بلکہ صوبوں کے حقوق پر بھی حملہ ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آئین اور قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور کسی صورت ملک کے پارلیمانی نظام کے ساتھ چھیڑچھاڑ برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو ہر سطح پر عوام کے آئینی و جمہوری حقوق کی محافظ ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پوری قوم موجودہ نظام کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے عمران خان ہی قوم کی آخری امید ہیں جو ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان نے واضح کیا کہ اگر 27ویں ترمیم کو زبردستی منظور کرانے کی کوشش کی گئی تو پی ٹی آئی ملک بھر میں بھرپور عوامی مزاحمت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے عوام اس غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے وفاقی ڈھانچے، آئین کی بالادستی اور صوبائی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے ساتھ وفاداری ہی پاکستان کی بقا اور استحکام کی ضمانت ہے، جبکہ آئینی اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا۔
فوزیہ صدیقی نے کہا موجودہ حکومتوں کے پاس کوئی عوامی مینڈیٹ نہیں ہے یہ حکومتیں فارم 47 کی جعلسازی سے بنی ہے زبردستی بننے والی حکومتوں کو کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ پاکستان کے عوام کے مقدر کا فیصلہ کریں انہوں نے کہا ممکنہ 27 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اگر پارلیمانی سیاست پر وار کیا گیا تو عوام کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔
فوزیہ صدیقی نے کہا پیپلزپارٹی بھٹو کی پارٹی نہیں رہی جس بھٹو نے 1973 کا آئین بنایا آج کے زرداری لیگ نے اسی آئین کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے ہیں پ پ عوام کے سامنے بیان بازی کرنے کے بجائے کھل اسمبلی فلور پر اس ترمیم کی مخالفت کرے۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے ملک کی معیشیت کو تباہ کیا ہے پاکستان میں اس وقت آئین و قانون کی بالادستی ختم ہوچکی ہے ایسے حالات میں مزید سیاسی بحران پیدا ہوا تو ملک بنانا ریپبلک بن جائے گا۔


