لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کےسربراہ اورتحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا گستاخانہ مواد کی روک تھام کے لیے مزید آہنی اقدمات ناگزیر ہیں۔ ملحد اور شرپسند عناصر نے ہماری نسل نو کے عقائد و نظریات تباہ کرنے کی منظم مہم شروع کر رکھی ہے۔ شانِ الوہیت جل جلالہ، شانِ رسالت ﷺ، ختم نبوت، اہل بیت اطہار رضی اللہ تعالیٰ عنہم، امہات المومنین رضی اللہ عنہن، اصحابِ رسول ﷺ، قرآن پاک، شعائر اسلام اور نظریہ پاکستان کے بارے میں نہایت ہی گستاخانہ اور زہریلا مواد پھیلا جا رہا ہے۔ آئے دن معاذ اللہ گستاخانہ ویڈیوز بنتی ہیں جنہیں مخصوص ایپس پر اور مخصوص گروپوں میں شیئر کیا جاتا ہے۔ ایف آئی اے، سائبر کرائم اگرچہ ایسے بد باطن لوگوں کو نکیل ڈالنے میں کوشاں ہے مگر ابھی تک یہ مذموم سلسلہ پوری طرح کنٹرول نہیں ہو رہا۔ سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا سے منسلک حضرات کو اس اہم دینی فریضہ کی خاطر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہییں۔ یورپ میں پھیلتے ہوئے اسلامو فوبیا کے تدارک کے لیے اسلام کی حقیقی تصویر کو اجاگر کرنا نہایت ضروری ہے۔ شانِ خداوندی جل جلالہ، سیرت النبی ﷺ، محاسن اسلام اور مقدسات اسلام کے بارے میں جامع لیکچرز اور آرٹیکلز بھی اس سلسلہ میں نہایت اہم ہیں۔


