انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا پہلامرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کا پہلا مرحلہ بروز جمعہ 30مئی کو کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ امتحانات کے آخری روز صبح کی شفٹ میں سائنس پری میڈیکل گروپ کا باٹنی پرچہ اول جبکہ شام کی شفٹ میں سائنس جنرل گروپ کے انگلش (نارمل)پرچہ اول اور انگلش (ایڈوانسڈ) پرچہ اول لیے گئے۔ امتحانات کے پرامن، شفاف اور بلاتعطل انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے چیئرمین انٹربورڈ غلام حسین سوہواور ناظم امتحانات زرینہ راشدنے سپرویجی لینس ٹیموں کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کے دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد امتحانی عمل کی نگرانی، سہولیات کا جائزہ اور کسی بھی ممکنہ مسئلے کی بروقت نشاندہی و تدارک تھا۔ امتحانات کے دوران چیئرمین بورڈ اور ناظم امتحانات مرکزی کنٹرول روم سے ڈیجیٹل لنک کے ذریعے براہ راست امتحانی مراکز سے رابطے میں رہے اور امتحانی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی۔ کنٹرول روم میں ایک مربوط نظام کے تحت امتحانی عمل کی نگرانی اور فوری فیصلہ سازی کو ممکن بنایا گیا جس سے امتحانات کے نظم و ضبط اور شفافیت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔چیئرمین غلام حسین سوہو نے اس موقع پر اپنے بیان میں انٹربوڈ کے عملے، سپر ویجی لینس ٹیموں، سینٹر سپرنٹنڈنٹس، ویجی لینس آفیسرز اور سینٹرکنٹرول آفیسرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انٹربورڈ شفاف اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام کے لئے پرعزم ہے، اس سلسلے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید وسعت دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں