لاہور(ایچ آراین دبلیو) تحریک صراط مستقیم اور تحریک فکر رضا کے زیر اہتمام مرکز العابد اہل سنت و جماعت جیا بگا شریف میں مناظر کبیر مفتی محمد عابد جلالی قد س سرہ العزیز کے پانچویں سالانہ عرس مقدس کا انعقاد کیا گیا۔ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: حضرت مفتی محمد عابد جلالی رحمۃ اللہ علیہ ایک محقق، مدرس اور مناظر تھے۔ انہوں نے باطل قوتوں کے مقابلے میں کلمہ حق بلند کیا۔ وہ ایک عالم ربانی تھے جنہوں نے نظام مصطفی ﷺ کی حکمرانی اور مقام مصطفی ﷺ کی پاسبانی کے لیے جدوجہد کی۔ مرکز العابد اہل سنت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور رسول اکرم ﷺ کی نگاہ عنایت سے روز افزوں ترقی کر رہا ہے۔ ہمارے تمام مراکز حافظ الحدیث حضرت پیر سید محمد جلال الدین شاہ قدس سرہ العزیز کے فیوض و برکات کے سرچشمہ ہیں۔ علماء حق کی ڈیوٹی ہے کہ وہ ہمیشہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ سر انجام دیتے رہے۔ اسی فریضہ کی وجہ سے ان شاء اللہ تعالیٰ بالیقیں قیامت تک روشنی بانٹتا رہے گا۔ ہمارے فضلاء عصر حاضر کے فتنوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جو بھی بدعقیدہ قوتوں کی طرف سے حملہ ہوتا ہے، ہمارے فضلاء تحریری اور تقریری طور پر اس کا جواب دیتے ہیں۔ جب کچھ لوگوں نے خیانت اور جھوٹ کی بنیاد پر مسلک اہل سنت کے خلاف پروپیگنڈا کیا تو مفتی محمد جاوید اقبال سیالوی جلالی نے ”عظمت بتول رضی اللہ تعالیٰ عنہا“ نامی کتاب لکھ کر سب خیانتوں کا پردہ چاک کر دیا۔ عرس کی تقریب سے پروفیسر غلام مصطفی مجددی، پیر محمد امین اللہ نبیل سیالوی، مفتی محمد حذیفہ جلالی، صاحبزادہ محمد کعب الاسلام جلالی، علامہ محمد عمر فاروق جلالی نے بھی خطاب کیا جبکہ شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد حقانی نے صدارت کی۔


