کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے نئے منتخب عہدیداران کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری KATI کے عہدیداران کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور، صنعتی و کاروباری سرگرمیوں سے متعلق معاملات اور کورنگی ٹاؤن شپ میں کے ڈی اے کی زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کے ڈی اے چیف انجینئر عبد الصمد جملانی نے کورنگی کے صنعتی و رہائشی علاقوں میں بنیادی شہری سہولیات کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ شہری و صنعتی علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی رابطہ اور مشاورت نہایت اہم ہے۔زین العابدین انصاری نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری KATI کے نئے عہدیداران کو ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ صنعتکار برادری کے مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے۔تقریب کے شرکاء نے کورنگی ٹاؤن شپ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر بھی مفید تجاویز پیش کیں، جبکہ عوامی و صنعتی مفاد میں رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
28


