کراچی: سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے نتائج جاری کردیئے گئے، 33 ہزار 336 امیدواروں میں سے 16 ہزار 507 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔
سکھر آئی بی اے حکام کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ میں کامیابی کی شرح 49.5 فیصد رہی، جبکہ ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی طالب علم شامل نہیں۔
حکام کے مطابق تھرپارکر کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں کے 5 طلبہ ٹاپ 20 میں شامل ہیں۔ ان امیدواروں نے 180 میں سے 176 سے 179 نمبر حاصل کیے، جبکہ ابتدائی 50 امیدواروں میں تھرپارکر کے 12 طلبہ شامل ہیں۔
سکھر آئی بی اے حکام کے مطابق کراچی سے 9 ہزار 505 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ میں حصہ لیا، جن میں سے 5 ہزار 492 کامیاب ہوئے۔ ٹاپ 100 میں کراچی کے 18 طلبہ شامل ہیں، جبکہ ٹاپ 500 میں کراچی کے 111 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔
حکام کے مطابق تھرپارکر سے 1027 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا، جن میں سے 613 امیدوار کامیاب قرار پائے۔


