24

ہمدرد یونیورسٹی میں جاپانی فلم کی نمائش

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جاپان کے قونصل خانہ کراچی کی جانب سے جاری فلم فیسٹیول کے سلسلے میں، منگل کو ہمدرد یونیورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میں ایک متاثر کن فلم “Bishu — the World’s Kindest Clothes” (بیشو — دنیا کے مہربان ترین ملبوسات) کی نمائش کی گئی۔طلبہ، اساتذہ اور عملے پر مشتمل ہال میں موجود حاضرین نے انتہائی انہماک کے ساتھ فلم دیکھی اور اختتام پر حاضرین نے تالیاں بجا کر داد دی۔فلم کی کہانی شیوری کامیا (Shiori Kamiya) کے گرد گھومتی ہے، جو ایک شرمیلی مگر باصلاحیت لڑکی ہے اور اپنی والدہ کے انتقال کے بعد روزمرہ کی زندگی میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ خاموش طبع اور لوگوں سے گھلنے ملنے سے گریزاں شیوری کو صرف ایک قریبی دوست سے حوصلہ ملتا ہے۔
اس کے والد، جو ٹیکسٹائل فیکٹری کے مالک ہیں، بیوی کی وفات کے بعد بیٹی کے معاملے میں حد سے زیادہ محتاط اور فکر مند ہو جاتے ہیں۔ جب والد کے کاروبار میں زوال آتا ہے تو شیوری مدد کرنا چاہتی ہے، لیکن وہ اسے ذمہ داری اٹھانے کی اجازت نہیں دیتے۔ اسکول میں بھی اسے مذاق کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس سے اس کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ان تمام چیلنجوں کے باوجود، شیوری کی تخلیقی صلاحیتیں نمایاں ہو کر سامنے آتی ہیں۔ ایک دن، وہ لباس کا ایک شاندار ڈیزائن سوچتی ہے اور بڑی مہارت سے اس کا خاکہ (اسکیچ) تیار کرتی ہے۔ اپنی دوست کی حوصلہ افزائی پر وہ اسکول کے ڈیزائن مقابلے میں حصہ لیتی ہےاور جیت جاتی ہے، جس کے بعد وہ قومی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کا عزم کرتی ہے۔قومی مقابلے کی تیاری کے لیے اسے خود کپڑا تیار کرنے اور لباس کی سلائی کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ جب اس کی بہن جسے اس لباس کی نمائش کے لیے ماڈلنگ کرنی تھی ، تقریب سے عین قبل ایک حادثہ میں زخمی ہو جاتی ہے، تو شیوری کو اپنی جھجک پر قابو پانا پڑتا ہے اور دباؤ کے باوجود آگے بڑھنا پڑتا ہے۔آخرکارفلم یہ پیغام دیتی ہے کہ جب صلاحیت کو پہچانا جائے تو وہ پروان چڑھتی ہے، اور پختہ عزم مشکل ترین حالات کو بھی کامیابی کے مواقع میں بدل سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جاپانی فلم فیسٹیول کا آغاز رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ہوا تھا اور یہ کراچی کی پانچ یونیورسٹیوں کے کیمپسز میں فلموں کی نمائش کے بعد 29 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں