کراچی( ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، عمران خان کی رہائی، ان کی صحت، 27 ستمبر کے احتجاج اور ملک میں گندم کے بحران سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، مرکزی رہنما آفتاب جہانگیر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما جمال صدیقی، ایم پی اے ساجد علی خان، ایم پی اے واجد علی خان، پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ، صیم خان، فرخ جمیل خان، داوا خان، بیریسٹر فیاض سمور، عائشہ رشید، سرینا خان، غلام حسین سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے غیر مصدقہ اطلاعات آرہی ہیں عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں عمران خان کی صحت کی خبروں پر پوری قوم میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات پر ہم نے عدالت سے رجوع کیا ہے، جبکہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں رجسٹرار سے ملاقات ہوئی، جہاں مقدمات آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تک رسائی اور ان سے ملاقات کے حوالے سے مقدمات بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی تشویشناک خبریں غلط ثابت ہوں۔ عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ تاحال برقرار ہے اور اس کا مناسب علاج نہیں کیا گیا۔
بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کو ایک طویل عرصے سے عملاً قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، انہیں اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی تشویشناک ہے۔ عمران خان کی صحت اور سلامتی کروڑوں پاکستانیوں کی تشویش کا باعث ہے، وہ قوم کے عظیم اور مقبول سیاسی رہنما ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت، سلامتی اور بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے، انہیں مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان سے ملاقات پر عائد غیر ضروری پابندیاں فوری ختم کی جائیں۔
27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 27 ستمبر کو صرف اسلام آباد ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان سے عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نکلے گی۔ 27 ستمبر کا احتجاج پورے پاکستان کی آواز بنے گا اور ہر صوبے اور ہر ضلع میں پرامن طریقے سے احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی 27 ستمبر کے مارچ کی قیادت کریں گے اور یہ عمل پورے پاکستان کا ہوگا۔ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہمارا آئینی حق ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی اور عمران خان کی رہائی کے لیے قوم کو باہر نکلنا ہوگا۔ ملک کی گرتی ہوئی معیشت، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔
گندم کے بحران پر بات کرتے ہوئے بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فارم 47 کی حکومتوں نے عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔ حکومت خود ملک میں وافر مقدار میں گندم موجود ہونے کے دعوے کرتی رہی ہے، لیکن پنجاب میں 22 ملین ٹن گندم پیدا ہونے کے باوجود گندم کی قلت تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ذخائر سے لاکھوں ٹن گندم غائب ہونا سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ پنجاب سے 45 لاکھ ٹن اور سندھ سے 6 لاکھ ٹن گندم غائب ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں نے عوام سے پہلے ہی روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔
بیریسٹر سلمان اکرم راجہ نے سوال اٹھایا کہ لاکھوں ٹن گندم کہاں گئی اور اسے کن گوداموں میں ذخیرہ کیا گیا ہے؟ حکومت حقائق عوام کے سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے باعث مارکیٹ میں گندم کی مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے۔ پورے نظام پر کرپشن کا غلبہ ہے، جس کا خمیازہ عوام بھوک، مہنگائی اور بے روزگاری کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے لیے پوری قوم فکر مند ہے۔ عمران خان اس ملک اور قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پوری قوم کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مسلط فارم 47 کا ٹولہ ملک کے وسائل کو لوٹ رہا ہے، قوم کو اب بیدار ہونا ہوگا اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانا ہوگی۔ سندھ میں کرپشن کا راج قائم ہے، 18 سال سے پیپلزپارٹی سندھ میں حکمرانی کر رہی ہے لیکن صوبے کے عوام صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے۔ سندھ میں وافر مقدار میں گندم موجود ہونے کے دعوے کیے گئے تھے، پھر اچانک لاکھوں ٹن گندم کہاں غائب ہوگئی؟ حکومت گندم کی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے معاملے پر عوام کو جواب دے۔


