**میڈرڈ** (ایچ آراین ڈبلیو) — اسپین نے عالمی فٹ بال کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے مینز اور ویمنز دونوں فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل بیک وقت اپنے پاس رکھنے والا پہلا ملک بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔
مقررہ 90 منٹ تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، جس کے بعد میچ اضافی وقت میں داخل ہوا۔ ایکسٹرا ٹائم کے 106ویں منٹ میں فرران ٹوریس (Ferran Torres) نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے اسپین کو تاریخی فتح دلائی۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ اسپین کی خواتین کی ٹیم 2023 کا فیفا ویمنز ورلڈ کپ پہلے ہی جیت چکی تھی، جبکہ اب مردوں کی ٹیم نے 2026 کا فیفا ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا ہے۔ یوں اسپین فٹ بال کی تاریخ کا پہلا ملک بن گیا ہے جس کے پاس ایک ہی وقت میں مینز اور ویمنز دونوں عالمی ٹائٹل موجود ہیں۔
اس فتح کے ساتھ ارجنٹائن کے عالمی چیمپئن ہونے کا سفر اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ اسپین نے عالمی فٹ بال میں اپنے سنہری دور کو ایک اور تاریخی کامیابی سے مزید مضبوط کر دیا۔


