19

یورپ بھجوانے کے نام پر 12 پاکستانی نوجوان ایران میں اغوا، تاوان کا مطالبہ

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) — پاکستان کے 12 نوجوانوں کو انسانی اسمگلروں نے یورپ بھجوانے کا جھانسہ دے کر ایران میں اغوا کر لیا ہے۔ انسانی اسمگلروں نے پاکستانی نوجوانوں پر تشدد کر کے ویڈیو گھر والوں کو بھجوا دی ہے اور بھاری تاوان طلب کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے لاہور زون کے مطابق ان 12 پاکستانی نوجوانوں سے براستہ ایران اٹلی بھجوانے کے نام پر پیسے لیے گئے تھے۔ مقدمہ درج کر کے انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کی بازیابی کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مغوی نوجوانوں کا سراغ لگانے کے لیے بیرونِ ملک متعلقہ اداروں سے بھی رابطے جاری ہیں۔

دوسری جانب ایف آئی اے حکام کے مطابق 2 پاکستانی شہری بحفاظت تہران میں قائم پاکستانی سفارتخانے پہنچ گئے ہیں۔ ان نوجوانوں کی شناخت طلحہ اور شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق لاہور کے علاقے گاؤں پسین سے ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا 12 نوجوانوں میں سے 7 کا تعلق لاہور سے ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق انسانی اسمگلروں نے نوجوانوں کو بلوچستان کے راستے ایران پہنچایا۔ نوجوانوں کو یقین دلایا گیا تھا کہ انہیں براستہ ترکیہ اٹلی منتقل کر دیا جائے گا۔ اسمگلروں نے ابتدائی طور پر چند ہزار ڈالر وصول کیے اور وعدہ کیا تھا کہ یورپ پہنچنے کے بعد باقی رقم وصول کی جائے گی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایران پہنچنے کے بعد نوجوانوں کو نامعلوم مقام پر یرغمال بنا لیا گیا اور اب نوجوانوں کے اہلخانہ سے فی کس 6 ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا نوجوانوں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایرانی حکام سے بھی مسلسل رابطہ رکھا ہوا ہے۔

انسانی حقوق اور قانونی پہلو
ایچ آر این ڈبلیو (HRNW) اس بات پر زور دیتا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور تاوان کے لیے اغوا انسانی حقوق اور قومی سلامتی کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ ریاست کو فوری ریسکیو آپریشن، متاثرہ خاندانوں کی مدد اور اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنانی چاہیے، ساتھ ہی غیر قانونی ہجرت کو ہوا دینے والے بنیادی اسباب کا ازالہ بھی ضروری ہے۔

⚠️ اہم ہدایت (Important Note)
یہ خبر ایف آئی اے کے سرکاری بیانات اور ابتدائی اطلاعات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ گرفتاریوں، بازیابیوں اور سفارتی ہم آہنگی کی مزید تفصیلات متعلقہ محکموں کی باضابطہ اطلاعات میں جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں