میرپورخاص(ایچ آراین ڈبلیو) شہر کے علاقے فیضانِ مدینہ، جمنا داس کالونی میں نصب پی ٹی سی ایل فائبر (MC Sets) سسٹم کی بیٹریاں طویل عرصے سے خراب ہونے کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران انٹرنیٹ اور نیٹ ورک سروس مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے، جس سے ہزاروں صارفین مشکلات کا شکار ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں جمنا داس کالونی، آمدانی کالونی، کوری گوٹھ، مہاجر کالونی، ہیرآباد اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں بجلی کی بندش کے ساتھ ہی انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
مقامی صارفین کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات درج کرانے کے باوجود پی ٹی سی ایل حکام نے خراب بیٹریوں کی تبدیلی یا سسٹم کی بہتری کے لیے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کی بندش سے آن لائن کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں اور روزمرہ رابطے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ ہر ماہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود معیاری سروس سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں مالی نقصان اور ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ صارفین نے پی ٹی سی ایل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب بیٹریاں فوری تبدیل کی جائیں، سسٹم کو فعال بنایا جائے اور غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔


