اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آئندہ 14 ماہ کے دوران پاکستان کو مزید 3 ارب 60 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ یہ رقم جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی (EFF) اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسیلٹی (RSF) پروگرامز کے تحت دی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق دونوں پروگرامز کی مجموعی مالیت 8 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے، جن میں سے پاکستان کو اب تک 4 ارب 80 کروڑ ڈالر موصول ہو چکے ہیں، جبکہ باقی 3 ارب 60 کروڑ ڈالر آئندہ 14 ماہ کے دوران مختلف مراحل میں جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرامز کا اگلا اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا مشن چوتھے اقتصادی جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کر سکتا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق آئندہ جائزے میں مالیاتی اصلاحات، ٹیکس وصولیوں، توانائی کے شعبے اور دیگر معاشی اہداف پر پاکستان کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس کی بنیاد پر قرض کی آئندہ قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔


