سرگودھا(ایچ آراین ڈبلیو)سرگودھا میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے دفتر میں ایک نوجوان خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد شہریوں اور متاثرہ خاتون نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ خاتون اور موقع پر موجود بعض خواتین کے مطابق، انہیں مبینہ طور پر مرد اور لیڈیز پولیس اہلکاروں نے دفتر کے اندر ایک کمرے میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی تذلیل کی۔ متاثرہ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کے ساتھ نامناسب سلوک کیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، واقعے کے دوران بی آئی ایس پی دفتر کی انتظامیہ کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ بعض مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ دفتر کی انچارج کے رویے کے حوالے سے ماضی میں بھی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم ان الزامات کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، تمام حقائق سامنے لائے جائیں اور اگر کسی اہلکار یا افسر کی ذمہ داری ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب، اس واقعے پر پولیس اور بی آئی ایس پی انتظامیہ کا باضابطہ مؤقف سامنے آنا ابھی باقی ہے۔


