مظفرگڑھ(ایچ آراین ڈبلیو)مظفرگڑھ میں ایک شہری کے نام پر ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث 105 ای چالان جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جن کی مجموعی مالیت 2 لاکھ 10 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ اس نے دسمبر 2024 میں بغیر رجسٹریشن موٹرسائیکل ایک شو روم پر فروخت کر دی تھی، تاہم اس کے بقول شو روم مالک نے مبینہ طور پر ملی بھگت سے موٹرسائیکل کی رجسٹریشن اس کے نام کروا دی۔
شہری کے مطابق اگست 2025 سے اب تک اس کے نام پر 105 چالان جاری ہو چکے ہیں اور چالان موصول ہونے پر اسے معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل اب بھی اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ اس نے غیر قانونی رجسٹریشن کرانے کے الزام میں شو روم مالک کے خلاف متعلقہ حکام کو درخواست دے دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری کی درخواست موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


