کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دو تربیت یافتہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چار کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ برآمد کیے گئے، جو کسی بڑی دہشت گرد کارروائی میں استعمال کیے جانے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے سہولت کاروں اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔


