27

ہنہ اوڑک میں مسلح حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہو گئی، احتجاج جاری

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں ہونے والے مسلح حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے مقامی رہائشیوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہو گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے لاشوں کے ہمراہ ایئرپورٹ روڈ پر احتجاج شروع کر رکھا ہے جو تاحال جاری ہے۔ مظاہرین نے احتجاجاً سڑک کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا، جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہ پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سے بی اے مال کے سامنے دھرنا دیا جا رہا ہے اور جب تک واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا اور علاقے میں امن و امان بحال نہیں کیا جاتا، احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں