23

ایک رات کی دلہن دلہا کو لوٹ کر فرار، مقدمہ درج

لیاقت پور(ایچ آراین ڈبلیو)لیاقت پور میں شادی کے نام پر دھوکہ دہی کا انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک رات کی دلہن شادی کے فوری بعد زیورات اور نقدی لے کر فرار ہو گئی۔ واقعے کا مقدمہ دولہا کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ تبسم شہید میں درج کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ لڑکیوں کا منظم گینگ مختلف سادہ گھرانوں کو نشانہ بنا کر شادی کا ڈرامہ رچاتا ہے۔ اسی سلسلے میں تھانہ تبسم شہید کی حدود گلشنِ حیدر کالونی میں ایک خاندان سے شادی طے کی گئی۔ شادی کی رسم کے بعد، طے شدہ منصوبے کے تحت دلہن کے مبینہ میکے والوں نے لڑکی کے ساتھ مل کر گھر سے زیورات، نقدی اور قیمتی سامان سمیٹا اور فرار ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دولہا کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور گینگ کے دیگر ارکان کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے شہریوں کو بھی خبردار کیا ہے کہ شادی سے قبل مکمل تصدیق اور قانونی دستاویزات کی جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں تاکہ اس نوعیت کے فراڈ سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں