راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) آرمڈ فورسز بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر (AFBMTC) نے کینسر کے علاج میں ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے جدید ترین CAR T-cell تھراپی کا پاکستان کی تاریخ کا پہلا کامیاب آپریشن انجام دے دیا ہے۔
شدید خون کے کینسر میں مبتلا 21 سالہ نوجوان مریض کو 18 جون 2026 کو پاکستان ہی میں تیار کردہ اینٹی باڈی سیلز دیے گئے، جس کے بعد حیران کن طور پر مریض محض 14 دنوں میں کینسر سے مکمل طور پر پاک ہو گیا اور 3 جولائی کو صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
یہ غیر معمولی کامیابی آرمی میڈیکل کور کے ماہر ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے، جس نے ان مریضوں کے لیے نئی امید پیدا کر دی ہے جن کے لیے روایتی علاج کے تمام راستے ختم ہو چکے تھے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیاب علاج نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں کینسر کے جدید علاج کی جانب ایک انقلابی قدم ثابت ہو گا اور ملکی سطح پر جدید میڈیکل سائنس میں خود انحصاری کی جانب اہم پیش رفت ہے۔


