جلال پور بھٹیاں(ایچ آراین ڈبلیو)عوامی مسائل کے فوری حل اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ کے لیے فواد احمد کی جانب سے تھانے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پولیس کے رویے، زیرِ التواء مقدمات اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔ کئی سائلین رو رو کر دہائیاں دیتے رہے۔
ڈی پی او فواد احمد نے ہر سائل کی بات نہایت تحمل، خندہ پیشانی اور ہمدردی کے ساتھ سنی۔ انہوں نے شفیق رویہ اپناتے ہوئے بزرگوں سے پیار لیا اور بچوں کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھا، جبکہ سائلین کے ہاتھ تھام کر انہیں مسائل کے حل کی یقین دہانیاں کراتے رہے۔ موقع پر موجود متعلقہ افسران کو فوری کارروائی، انکوائری اور مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ تاخیر اور کوتاہی پر افسران سے باز پرس بھی کی گئی۔
کھلی کچہری کے بعد ڈی پی او نے صحافیوں کے تلخ سوالات کے بھی تسلی بخش اور تفصیلی جوابات دیے۔ اختتام پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا کوئی مسئلہ، شکایت یا تجویز باقی ہو تو وہ بلا جھجک آگاہ کرے، وہ عوام کے لیے ہمہ وقت حاضر ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بروقت انصاف کی فراہمی کی پابند ہے اور میرٹ پر کارروائی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ڈی پی او کے شفیق رویے اور موقع پر جاری کیے گئے احکامات پر سائلین نے اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔


