بہاول پور(ایچ آراین ڈبلیو) شدید گرمی اور حبس کے باعث ایک نجی ٹریکٹر ڈرائیور بے ہوش ہو کر جاں بحق ہو گیا۔ افسوسناک واقعہ بہاول پور کے علاقے الفرید ٹاؤن، جھانگی والا روڈ پر پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق نجی ٹریکٹر ڈرائیور پانی کی ٹینکی کے ذریعے الفرید ٹاؤن میں کام کر رہا تھا کہ اچانک شدید گرمی اور حبس کے باعث اس کا بلڈ پریشر کم ہو گیا۔ چکر آنے کے بعد وہ زمین پر گر پڑا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور متاثرہ نوجوان کو سی پی آر دی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت محمد دلدار ولد رحیم بخش کے نام سے ہوئی ہے، جو بہاول پور کا رہائشی تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ضروری کارروائی کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
شہریوں نے شدید گرمی کے دوران مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے حفاظتی اقدامات اور مناسب سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


