سرگودھا(ایچ آراین ڈبلیو)چند روز قبل سرگودھا کے نواحی علاقے 23 چک اجنالہ روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار نوجوان ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ گیا تھا، جو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکا۔
خوفناک حادثے میں اسرار خان محسود نامی نوجوان شدید زخمی ہو گیا تھا، جسے تشویشناک حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسرار خان کئی روز تک کوما میں رہا، تاہم گزشتہ رات وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج جنوبی وزیرستان میں ادا کر دی گئی، جہاں اسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ اہلِ علاقہ اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے جنازے میں شرکت کی۔
مقامی لوگوں کے مطابق اسرار خان نے ہیڈ فون لگا رکھے تھے، جس کی وجہ سے اسے ٹرین کی آواز سنائی نہ دے سکی اور وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسرار خان ایک غریب اور محنت کش مزدور تھا، جو سرگودھا میں اپنے اہلِ خانہ کے لیے روزی روٹی کمانے آیا تھا، مگر ایک لمحے کی غفلت اس کی جان لے گئی۔
شہریوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ریلوے لائن یا پھاٹک عبور کرتے وقت خصوصی احتیاط برتی جائے، کیونکہ معمولی سی لاپرواہی بھی بڑے اور جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔


