فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقے بوٹا چوک میں واقع ایک مدرسے میں 15 سالہ طالبعلم شعیب کے قتل کیس کی پوری کہانی سامنے آ گئی ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مدرسے کے استاد رفاقت اور دو طالبعلموں ریحان اور عرفان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول شعیب دو روز قبل لاپتہ ہوا تھا، جس کے بعد اس کی لاش بورے میں بند حالت میں برآمد ہوئی۔ واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی، جس میں لاش کو سائیکل پر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔
دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ استاد رفاقت علی کو خدشہ تھا کہ ذہین طالبعلم شعیب اس کے خلاف حقائق سامنے لا سکتا ہے۔ تفتیش کے مطابق رفاقت نے شعیب سے حسد رکھنے والے دیگر دو طالبعلموں کو اکسایا، جنہوں نے شعیب کو گلا دبا کر قتل کیا۔ بعد ازاں لاش کو سائیکل پر رکھ کر کچھ فاصلے پر نالے میں پھینک دیا گیا۔
سی پی او فیصل آباد کے مطابق مقدمے کا چالان مکمل کر کے سفاک ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


