لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)سوات کی سیف اللہ جھیل میں پیش آنے والے افسوسناک کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 افراد کی لاشیں لاہور کے علاقے ڈی ایچ اے پہنچا دی گئی ہیں، جہاں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں کرنل (ر) عامر اوندل، ان کا 20 سالہ بیٹا عبداللہ، 27 سالہ پروا اوندل اور 23 سالہ بیٹی رویل اوندل شامل ہیں۔
لاہور پولیس کے مطابق پروا اوندل کا ایک سالہ بیٹا اور 5 سالہ بیٹی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔
حادثے میں شامل 24 سالہ بشریٰ سموئی تاحال لاپتا ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ اہلِ خانہ کے مطابق بشریٰ سموئی پانچ روز قبل امریکا سے ڈگری مکمل کر کے پاکستان واپس آئی تھیں۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد اسلام آباد میں ایمبسی سے ویزا لگوانے گئے تھے، جس کے بعد سیر و تفریح کے لیے سوات کا رخ کیا، جہاں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
واقعے پر اہلِ علاقہ اور رشتہ داروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی تدفین سے متعلق انتظامات کیے جا رہے ہیں۔


