30

شادی کی خبروں پر اداکار توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی وضاحت

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے اپنی شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ دونوں فنکار اپنے مارننگ شوز اور معلوماتی پروگرامز کے باعث ناظرین میں خاصی پہچان رکھتے ہیں۔

گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا، بالخصوص یوٹیوب پر یہ دعوے کیے جا رہے تھے کہ توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے آپس میں شادی کر لی ہے۔ مختلف یوٹیوب چینلز کی جانب سے دونوں کی تصاویر استعمال کر کے یہ خبریں نشر کی گئیں، جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین میں کنفیوژن پھیل گئی۔

افواہوں میں اضافے کے بعد دونوں فنکاروں نے خود ایک وضاحتی ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے اصل حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی۔ ویڈیو میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی سے متعلق تمام خبریں محض ویوز اور پیسے کمانے کے لیے پھیلائی گئیں۔

فنکاروں نے ویڈیو میں طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہا،
“ہم خوشی خوشی شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور ہم خود یہ خبر آپ کو دینا چاہتے تھے، لیکن افسوس کہ ہمارے یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی۔”

توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق براہِ راست متعلقہ افراد یا مستند ذرائع سے کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں