اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کم کرنے کے لیے نیا فنڈ قائم کر دیا ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس فنڈ کو پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ کا نام دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ فنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے یا کمی کی صورت میں استحکام پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاکہ عوام پر اچانک مالی بوجھ کم کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان اور اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو باقاعدہ طور پر خط ارسال کر دیا ہے، جس میں فنڈ کے قیام اور انتظامی امور سے آگاہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ کے ذریعے قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مالی وسائل منظم کیے جائیں گے، جبکہ مستقبل میں اس فنڈ کے دائرہ کار اور استعمال کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔


