24

کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا المناک حادثہ، 14 بچے جاں بحق، 6 زخمی، ریسکیو آپریشن مکمل

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے میں 14 کمسن بچے جاں بحق جبکہ 6 بچے زخمی ہو گئے۔ وزیرِ صحت پنجاب کے مطابق جاں بحق بچوں کی تعداد 14 ہو چکی ہے، جبکہ ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے وقت ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 افراد ٹیوشن سینٹر میں موجود تھے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر ملی، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ ملبے سے 5 سے 6 بچوں کو نکالا گیا، جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے زیادہ تر بچے کم عمر تھے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں صبح کے اوقات میں اسکول بھی چلتا تھا اور بچے شام کے وقت اکیڈمی میں ٹیوشن کے لیے موجود تھے۔ پولیس کے مطابق بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ بچے گراؤنڈ فلور پر زیرِ تعلیم تھے۔ واقعے کے بعد گھر کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

جاں بحق بچوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ دختر وسیم، 6 سالہ سلمان ولد وسیم اور 8 سالہ فواد ولد عابد شامل ہیں۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال کاہنہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 6 بچوں کی حالت مستحکم ہے۔ زخمیوں میں 8 سالہ ابیہا، 10 سالہ فاریہ، 11 سالہ مرتضیٰ، 8 سالہ ایان، 7 سالہ رابعہ اور 30 سالہ حمیدہ ریحان شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔

حادثے پر شہر بھر میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ شہریوں نے غیر محفوظ تعمیرات اور تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں