کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فائن اور ڈھائی نمبر آٹا 13 روپے فی کلو تک مہنگا ہو گیا ہے۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے دوران گندم کی قیمتوں میں دو بار اضافہ ہوا، جس کے باعث آٹے کی قیمتیں بڑھیں۔ اضافے کے بعد ڈھائی نمبر آٹا 119 روپے فی کلو سے بڑھ کر 132 روپے فی کلو ہو گیا ہے، جبکہ فائن آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی ہے۔ مارکیٹ میں گندم کی قیمت 106 روپے فی کلو سے بڑھ کر 118 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
جنید عزیز کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کی ممکنہ قلت کو پورا کرنے کے لیے حکومت کو 3 سے 4 ملین ٹن گندم درآمد کرنا پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت جتنی جلدی درآمد کا فیصلہ کرے گی، عوام کو اتنا ہی فائدہ ہوگا، جبکہ تاخیر کی صورت میں ذخیرہ اندوز فائدہ اٹھائیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ ضرورت سے زائد گندم درآمد کرنے سے مقامی کسانوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں موسمِ گرما کے دوران ماہانہ 20 سے 22 لاکھ بوری آٹا استعمال ہوتا ہے، جبکہ موسمِ سرما میں یہ کھپت 26 لاکھ بوری تک پہنچ جاتی ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔


