لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 کمسن بچے جاں بحق ہو گئے۔ حادثے کے وقت سینٹر میں ایک خاتون ٹیچر سمیت 20 سے 25 بچے موجود تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع شام 4 بج کر 45 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اب تک 5 سے 6 بچوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے، جبکہ 15 سے زائد بچوں کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جاں بحق بچوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مذکورہ عمارت میں صبح کے اوقات میں اسکول جبکہ شام کو اکیڈمی/ٹیوشن سینٹر چلتا تھا۔ بچے اسکول کے بعد ٹیوشن کے لیے اکیڈمی آئے ہوئے تھے کہ اچانک چھت منہدم ہو گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ بچے گراؤنڈ فلور پر زیرِ تعلیم تھے۔ واقعے کے بعد گھر کے مالک سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں جبکہ زخمی بچوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد بھی امدادی کاموں میں شریک ہے۔


