کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو) کوئٹہ میں گھریلو تشدد کا ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شاہدہ مختار نامی خاتون نے اپنے شوہر پر شدید تشدد اور جان سے مارنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے۔
متاثرہ خاتون کے مطابق اس کے شوہر نے پہلے اسے بجلی کا کرنٹ لگایا اور بعد ازاں تار سے تشدد کیا۔ شاہدہ مختار کا کہنا ہے کہ تشدد کے بعد شوہر نے اسے گھر کی بالائی منزل سے دھکا دے دیا جس کے نتیجے میں وہ پڑوسی کے گھر میں جا گری۔ ہمسایوں نے فوری طور پر زخمی حالت میں خاتون کو اسپتال منتقل کیا۔
شاہدہ مختار نے مزید بتایا کہ اس کی بچیاں مبینہ طور پر شوہر کے قبضے میں ہیں اور انہیں اپنی جان اور بچوں کی سلامتی کا شدید خدشہ ہے۔ متاثرہ خاتون نے حکام سے فوری تحفظ فراہم کرنے اور اپنی اور بچیوں کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پرتحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون کا طبی معائنہ بھی کرایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حقائق سامنے آنے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


