28

کہوٹہ کے علاقے سے قیدی وین سے فرار ہونے والے 14 ملزمان میں سے 4 دوبارہ گرفتار

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو)راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ سے قیدی وین سے 14 ملزمان کے فرار ہونے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ قیدی وین سے بھاگنے والے ملزمان میں سے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے 14 ملزمان میں سے چار کو پنجاب ہائی وے پولیس (راولپنڈی رینج) نے کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان پر قتل کے مقدمات (دفعہ 302) درج ہیں۔

پنجاب ہائی وے پولیس نے گرفتار ملزمان کو بعد ازاں اسلام آباد پولیس کے تھانہ سہالہ کے حوالے کر دیا، جہاں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

چاروں ملزمان کی دوبارہ گرفتاری پر عوامی حلقوں کی جانب سے پنجاب ہائی وے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب ہائی وے پولیس نہ صرف سڑکوں پر شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی بھرپور اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں