لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے مانگا منڈی کھوکھر چوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے 30 سالہ خاتون کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی شناخت کرن بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے خاوند نے تین شادیاں کر رکھی تھیں اور کرن بی بی اس کی تیسری بیوی تھیں۔ لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ کرن بی بی کو اس کے شوہر کی دوسری بیوی نے قتل کروایا ہے، تاہم پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ ڈی ایس پی شاہزیب خان کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور تحقیقات میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
ڈی ایس پی شاہزیب خان کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان تک پہنچ کر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق کیس کی پیش رفت کے ساتھ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


