30

ورکنگ ویمن ہاسٹلز: چار اضلاع میں نئے ہاسٹلز کی تعمیر آخری مراحل میں

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کا فلیگ شپ پروگرام ورکنگ ویمن ہاسٹلزصوبے بھر میں مسلسل توسیع پذیر ہے، جس کے تحت اس وقت 13 اضلاع میں 17 ہاسٹلز فعال ہیں جبکہ کئی نئی عمارتیں زیرِ تعمیر ہیں۔ یہ بات پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سعدیہ تیمور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبتائی۔
پروگرام کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے زیرِ انتظام چلنے والے ان ہاسٹلز کا مقصد ملازمت کے سلسلے میں دوسرے شہروں میں منتقل ہونے والی خواتین کو محفوظ اور سستی رہائش فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2012ء میں دس ہاسٹلز اس محکمے کے سپرد کیے گئے تھے جبکہ اس کے بعد مختلف اضلاع میں مزید سات ہاسٹلز کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔
مزید تفصیلات دیتے ہوئے سعدیہ تیمور نے بتایا کہ یہ ہاسٹلز اس وقت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، گوجرانوالہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، وہاڑی، رحیم یار خان اور سیالکوٹ میں فعال ہیں، جن کی مجموعی گنجائش تقریباً 644 رہائشیوں کی ہے۔ اس وقت صوبے بھر کے ان ہاسٹلز میں 521 خواتین مقیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان سہولیات میں چوبیس گھنٹے سی سی ٹی وی نگرانی، فرنشڈ سنگل، ڈبل اور شیئرڈ کمرے، انٹرنیٹ کی سہولت اور ٹی وی لاؤنج شامل ہیں تاکہ خواتین حفاظتی تحفظات سے بے فکر ہو کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
سعدیہ تیمور نے بتایا کہ ہاسٹلز کے نیٹ ورک کی انتظامی امور کے لیے 119 منظور شدہ آسامیاں رکھی گئی ہیں جن میں مینیجرز، وارڈنز، کلریکل اسٹاف، سکیورٹی گارڈز، ڈرائیورز اور دیگر معاون عملہ شامل ہے۔
سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے نے مزید بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت ہاسٹلز کی توسیع اور بہتری کے کئی منصوبے زیرِ عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں ورکنگ ویمن ہاسٹل کی تعمیرِ نو کا کام جولائی 2025ء میں شروع ہوا تھا جسے جون 2027ء تک مکمل کیا جانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہاڑی میں نئے ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر، جو جولائی 2023ء میں شروع ہوئی تھی اور جون 2026ء تک مکمل ہونا تھی، تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ سے عمارت کی حوالگی کا باضابطہ عمل جاری ہے۔ اسی طرح مظفرگڑھ اور رحیم یار خان میں ہاسٹل عمارتوں کی تعمیر، جو بالترتیب 2023ء اور 2024ء میں شروع ہوئی اور جون 2026ء تک مکمل ہونا تھیں، اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ ثمن رائے نے کہا کہ اے ڈی پی کے تحت جاری یہ سرمایہ کاری صوبائی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ کام کرنے والی خواتین کے لیے محفوظ رہائشی سہولیات کو وسعت دی جائے اور افرادی قوت میں ان کی شرکت کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں