7

دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)دہشت گردی کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔ شہداء نے بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز، شہداء کے لواحقین اور سینئر سول و عسکری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس کا مکمل حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جہاں کہیں بھی ہوں، سیکیورٹی فورسز ان کا پیچھا کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ملک سے اس کے مکمل خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ رینجرز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے شہادت پائی، ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کے جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ حملے کی جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا۔

حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں