6

خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کی اطلاع پر بروقت کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

مزید بتایا گیا کہ 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر قبل از وقت انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں