موسیٰ خیل(ایچ آراین ڈبلیو)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام “چاپ” میں 90 سے زائد مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل کے مطابق زلزلے کی شدت کے باعث رہائشی عمارتوں کی دیواریں گرنے سے 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ ہو گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں ہنگامی بنیادوں پر جاری ہیں تاکہ نقصانات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل عبدالرزاق خجک نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکی ہیں، جہاں متاثرین کو ضروری سہولیات کی فراہمی اور نقصانات کے تخمینے کا عمل جاری ہے۔ انتظامیہ نے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔


