7

کراچی کا نوجوان اپنے ہی ملک میں دہشت گردی کا شکار ہونا قومی المیہ ہے، حلیم عادل شیخ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کوئٹہ کے قریب دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی کے تاجر علی جمیل کی شہادت کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے اور ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔

حلیم عادل شیخ وفد کے ہمراہ شہید علی جمیل کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ وفد میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، سینئر نائب صدر فہیم خان، ولید ہاشمی اور دیگر رہنما شامل تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ علی جمیل اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے کوئٹہ گئے تھے۔ انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ راستہ بھٹکنے کی صورت میں وہ اپنے ہی ملک میں غیر محفوظ ہو جائیں گے اور دہشت گردی کا نشانہ بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل میپ غلط راستہ دکھا سکتا ہے، مگر شہریوں کی حفاظت ریاست اور سیکیورٹی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک نہتے اور بے گناہ شہری کو اس کے اہل خانہ کے سامنے نشانہ بنایا، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ کراچی کا نوجوان اپنے ہی وطن میں شہید ہوا، جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔

حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید علی جمیل کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں