4

سندھ کو مالی چیلنجز کا سامنا، وفاقی فنڈز ناگزیر، پولیس اور زراعت کے لیے بڑے اقدامات، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث پر جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کو اس وقت مالی معاملات میں مشکلات کا سامنا ہے اور ان حالات میں وفاق سے فنڈز کی بروقت منتقلی انتہائی اہم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 30 جون کو صوبے کو مزید فنڈز موصول ہوں گے، جن کی مکمل تفصیلات فنانس ڈیپارٹمنٹ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ سائیڈ بجٹ میں پولیس کے لیے تقریباً 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ کچے کے آپریشن اور امن و امان کی بہتری کے لیے اضافی فنڈز بھی مختص کیے گئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے گزشتہ رات دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور ہنگامی نوعیت کے کاموں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 2010 کے بعد سندھ کے ریور بند مضبوط رہے اور کبھی نہیں ٹوٹے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گندم کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس سال ریکارڈ 4.9 ملین ٹن گندم پیدا ہوئی، جس کے باعث سندھ پہلی بار گندم میں خود کفیل ہونے کے قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے آبادگاروں کے لیے 43.2 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، زرعی منصوبوں سے کسانوں کو سہولت ملی اور پیداوار میں اضافہ ہوا۔

مراد علی شاہ نے ٹریکٹر سبسڈی پروگرام میں شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک روپے کی بھی غلطی ثابت ہوئی تو وہ اس کی ذمہ داری قبول کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل رجسٹریشن کے عمل میں آسانی پیدا کی گئی ہے جس سے کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں