3

کراچی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، شہداء کو سلامِ عقیدت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور روحِ رواں میری پہچان پاکستان (ایم پی پی) ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے اور رینجرز ہیڈکوارٹر کے قریب دہشت گردوں کی مذموم کارروائی کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاکستان رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ رینجرز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے اور خوارجی عناصر کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کر رہی ہیں، تاہم ہماری بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے ہر محاذ پر ان کے عزائم خاک میں ملا رہے ہیں۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اس کارروائی کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداء کا خون پاکستان کے امن، سلامتی اور بقا کی ضمانت ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے گلستانِ جوہر میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی سفاکانہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں پر حملے انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔ ایسے واقعات اس بات کے متقاضی ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کریں اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل اور بلاامتیاز عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف ملک بھر میں بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے تاکہ پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جا سکے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں