5

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلسل دوسرے روز زلزلے، 125 مکانات متاثر، 19 افراد زخمی

بلوچستان(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع موسیٰ خیل سمیت صوبے کے بعض دیگر علاقوں میں ہفتہ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے کے مطابق 26 اور 27 جون کو ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری میں آنے والے زلزلوں کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد معمولی زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 27 جون کو آنے والے زلزلے سے تحصیل کنگری میں 35 گھروں کو نقصان پہنچا اور 13 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ اس سے ایک روز قبل 26 جون کو بھی زلزلے کے جھٹکوں سے مکانات متاثر ہوئے تھے۔ دونوں دنوں میں آنے والے زلزلوں کے باعث مجموعی طور پر 125 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 19 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

دوسری جانب ہفتہ کی شام اسلام آباد سمیت لاہور اور ملک کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا جبکہ اس کی گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی سہولت کے لیے میڈیکل کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں