5

یومِ عاشورہ انتہائی عقیدت اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر، سیکیورٹی انتظامات کو سراہا گیا

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد میں ملک بھر کی طرح یومِ عاشورہ انتہائی عقیدت، احترام اور پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔ ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی اور مؤثر انتظامات کیے گئے، جنہیں عزادارانِ امام حسینؑ نے بھرپور سراہا اور متعلقہ حکام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

یومِ عاشورہ کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ خصوصاً حالی روڈ تھانے کے ایس ایچ او، انسپکٹر فاروق احمد راہپوٹو نے جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر مسلسل فیلڈ مانیٹرنگ کی۔ انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرتے ہوئے پولیس نفری کو متحرک رکھا اور عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا۔

عزاداران نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے گئے مؤثر سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی بہتر نگرانی، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور دیگر انتظامی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بہترین انتظامات کی بدولت یومِ عاشورہ کے تمام جلوس اور مجالس مکمل امن و امان کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔

شہریوں اور عزاداران نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو اداروں، بلدیاتی عملے اور دیگر متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح امن و امان اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں