فیصل آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیصل آباد کے علاقے گلبرگ اے میں واقع دارالعلوم نوریہ رضویہ بغدادی جامع مسجد میں آج عظیم الشان شہادتِ امام حسینؓ کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں علاقے کے جید علماء، مشائخ اور بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خصوصی خطاب پروفیسر ڈاکٹر محمد سجاد احمد نے کیا، جو حضرت سید ہدایت الرسول شاہ قادری کے شاگرد ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں واقعۂ کربلا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت حق، صداقت، صبر اور استقامت کی لازوال مثال ہے، جو ہر دور میں امتِ مسلمہ کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
تقریب کی صدارت پیر سید شفاعت الرسول شاہ نے فرمائی۔ اپنے صدارتی کلمات میں انہوں نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے حاضرین پر زور دیا کہ وہ سیرتِ حسینی کو اپنی عملی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔
کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ امت اور عالمِ اسلام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس روحانی و فکری نشست کو بیداریٔ شعور اور پیغامِ کربلا کی تجدید قرار دیا۔


