اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کی سہولت اور رش میں کمی لانے کے لیے نقد فیس جمع کرانے کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اب پاسپورٹ فیس کیو آر کوڈ (QR Code) کے ذریعے ادا کی جا سکے گی۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے دفاتر میں جدید سہولیات متعارف کرانے کے تحت کیا گیا ہے، تاکہ لمبی قطاروں اور غیر ضروری ہجوم سے بچا جا سکے۔
نئے نظام کے تحت شہری موبائل بینکنگ ایپس یا دیگر ڈیجیٹل ذرائع سے آسانی کے ساتھ فیس ادا کر سکیں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کے اس نظام کا مرحلہ وار نفاذ کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو اس حوالے سے مکمل آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔


