قصور(ایچ آراین ڈبلیو)قصور کے علاقے اسٹیل باغ چوک میں واقع ایک نجی اسپتال میں مبینہ طور پر غیر قانونی گردہ پیوند کاری کے معاملے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق لاہور کی 27 سالہ لڑکی سکینہ کو علاج کے لیے اسپتال لایا گیا تھا، جہاں مبینہ طور پر آپریشن کے دوران خفیہ اطلاع پر پولیس اور انتظامیہ نے کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران تین افراد نوید، شہباز اور سید عمار کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اسپتال کا عملہ اور دیگر افراد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے خاتون کے مبینہ غیر قانونی ٹرانسپلانٹ سے متعلق ڈیل کی تھی۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی سکینہ اپنی والدہ اور کزن کے ہمراہ اسپتال پہنچی تھی۔ کارروائی کے بعد متعلقہ نجی اسپتال کو انتظامیہ نے سیل کر دیا ہے۔
ابتدائی طور پر متاثرہ لڑکی کو بابا بلھے شاہ اسپتال قصور منتقل کیا گیا تاہم حالت تشویشناک ہونے پر اسے لاہور ریفر کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ خاتون کا پہلے سے گردہ ٹرانسپلانٹ ہوا تھا یا نجی اسپتال میں غیر قانونی طریقے سے کوشش کی جا رہی تھی۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


