جھنگ(ایچ آراین ڈبلیو)جھنگ کی تحصیل 18 ہزاری کے علاقے روڈو سلطان میں واقع ایک اینٹوں کے بھٹے پر کام کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں 17 سالہ نوجوان شدید جھلس گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق نوجوان سمر عباس ولد طفیل بھٹے پر کام کر رہا تھا کہ اچانک آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور متاثرہ نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے کے نتیجے میں نوجوان کے دونوں بازو، دونوں ٹانگیں اور پیٹ کا تقریباً 45 فیصد حصہ جھلس گیا۔ زخمی نوجوان کو مزید علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال 18 ہزاری منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے نے ایک بار پھر صنعتی اور بھٹہ مزدوروں کی حفاظت کے اقدامات پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ حفاظتی لباس اور تربیت ایسے حادثات سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔


