پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) خیبر پختونخوا کے نئے فنانس بل میں تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین پر پروفیشنل ٹیکس عائد کرنے کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت ماہانہ 20 ہزار روپے سے 3 لاکھ روپے تک کمانے والوں سے سالانہ پروفیشنل ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے لیے فنانس بل میں اس ٹیکس کو شامل کیا ہے، جس پر ملازمین اور تنخواہ دار طبقے کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر مزید ٹیکس عائد کرنا ظلم کے مترادف ہے۔
فنانس بل کی منظوری کے بعد یہ پروفیشنل ٹیکس صوبے بھر میں نافذ العمل ہوگا، جس کا اطلاق نجی و سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین پر کیا جائے گا۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کو مزید مالی دباؤ سے بچانے کے لیے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی جائے۔


