بنوں(ایچ آراین ڈبلیو)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے نیم قبائلی علاقے برغنتو میں یکے بعد دیگرے دو زور دار دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی کے مطابق پہلا دھماکہ تھانہ احمد زائی کی حدود میں سواریوں سے بھرے ایک ڈاٹسن کے قریب ہوا۔ پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو امدادی سرگرمیوں کے دوران ہی دوسرا دھماکہ ہو گیا۔
ڈی پی او کے مطابق ڈاٹسن میں ہاتھی خیل قوم کے افراد سوار تھے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں آر ایچ سی جبکہ زخمیوں کو کے جی این منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکے کی زد میں سب ڈویژن وزیر کے تحصیلدار عابد اللہ کی گاڑی بھی آ گئی، جسے نقصان پہنچا، تاہم تحصیلدار عابد اللہ محفوظ رہے۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔


